شیموگہ،23؍جنوری (ایس او نیوز؍یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کرناٹک کے شیموگہ شہری کے باہری علاقے میں پتھر کی کان میں ہوئے دھماکے میں آٹھ لوگوں کی موت پر رنج کا اظہار کیا۔ اس واقعہ میں کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مسٹر مودی نے جمعہ کو ٹوئٹر پر اپنے رنج کے پیغام میں کہا ”شیموگہ میں مزدوروں کی موت سے دکھی ہوں۔ غمزدہ کنبوں کے تئیں تعزیت”۔ انہوں نے حادثے کے متاثرین کو ہر ممکن مدد کی یقینی دہانی کرائی ہے۔اس دوران وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے رنج کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کی اور ایک اعلی سطحی جانچ کا حکم بھی دیا ہے۔یہ واقعہ ٹرک میں رکھی جلاٹین کی چھڑوں میں طاقتور دھماکہ کے سبب پیش آیا۔ دھماکہ کے سبب شہر کے لوگ زلزلے کے خوف سے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ شہر کے باہری علاقے میں واقع ہناسوڈو گاؤں کے نزدیک زبردست دھماکہ ہوا تھا اور جلاٹین کی چھڑوں سے بھرے ٹرک کے پرخچے اڑ گئے تھے۔ذرائع کے مطابق سبھی متاثرین بہار کے رہنے والے تھے اور اسٹون کرشنگ مقام پر مزدوری کرتے تھے۔
واضح رہے کہ شیموگہ کے نزدیک جمعرات کی دیر رات جلاٹین کی چھڑیاں لے جارہے ٹرک میں دھماکہ ہونے سے کم از کم 6/ مزدوروں کی موت اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس نے جمعہ کو بتایاکہ دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک ٹرک متاثرین سمیت کانکنی کے لئے دھماکہ خیز مادہ لے جارہا تھا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ٹرک کے پرخچے اڑ گئے اور متاثرین کی لاشیں بری طرح مسخ ہوگئیں جس سے ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔شیموگہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت سینئر ضلع اور پولیس افسر جائے واقعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ دھماکہ ایک بجری اور بولڈر کرشنگ کے نزدیک ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز شیموگہ سمیت آس پاس کے چک منگلور اور داونگیرے ضلعوں میں بھی سنائی دی۔
پولیس نے بتایا کہ اس دھماکے کی شدت اتنی تیز تھی کہ کئی گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑکوں پر بھی دراڑ پڑ گئی اور لوگ زلزلہ آنے کے خوف سے گھروں سے باہر نکل گئے -شیو موگا ضلع انتظامیہ کے افسران نے بتایا کہ دھماکہ کی وجہ سے ہوناسوڈو کے نزدیکی گاؤں میں گھنے گھوئیں کے غبار نظر آئے۔ ٹرک میں دھماکے سے اس میں سوار چھ لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ ابالاگیرے کی جانب جانے والی سڑک پر بڑی دراڑ پڑ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔اس دوران وزیراعظم نریندر مودی نے دھماکہ متاثرین کی موت پر رنج کا اظہار کیا۔ مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا ”شیموگہ میں مزدوروں کی موت سے دکھی ہوں۔ غمزدہ کنبوں کے تئیں تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں“۔ ریاستی حکومت متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے۔